
آپ نے جو تعلیم حاصل کی ہے اسے دوسروں تک پہنچائیں
آپ نے جو تعلیم حاصل کی ہے اسے دوسروں تک پہنچائیں : مرغوب الرحمٰن
جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ میں سالانہ امتحان کے اختتام پذیرہونے کے موقع پر تقسیم انعامات تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ کے معاون مہتمم ورابطہ مدارسِ عربیہ بہار کے صدر مولانا مرغوب الرحمن قاسمی نے کہا کہ آپ سب اپنے گھر رخصت ہورہے ہیں، آپ نے ابتک جو تعلیم حاصل کی ہے اس کو دوسروں کو بھی پہنچائیں ،شریعت پر عمل کریں، عمدہ اخلاق کا مظاہرہ کریں ، گھر جاکر کتابوں کے ساتھ نماز کی پابندی کریں اور والدین کی عزت کریں ،جناب مفتی عبدالاحد قاسمی ناظم تعلیمات جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اس جامعہ کی حیثیت بہار میں مرکزی ادارہ کی سی ہے، جس کا قیام 1989 میں عمل میں آیا تھا، 1990 میں بھاگلپور کے فساد زدہ مظلومین کے چار بچوں سے بانی جامعہ مدنیہ حضرت مولانا محمد قاسم رحمۃ اللہ علیہ نے تعلیم کا آغاز و افتتاح کیا، بہت ہی قلیل مدت میں ادارہ نے ترقی کی ہے، اور ملک و بیرون ملک میں اپنا نام روشن کیاہے ، اس وقت حفظ، دینیات، فارسی، اعداد یہ، ابتدائی عربی سے لیکر عربی ششم تک کی تعلیم دارالعلوم دیوبند کے نصاب کے مطابق دی جاتی ہے، کثیر تعداد میں طالبان علوم قرآن، حدیث، فقہ وفتاویٰ کی تعلیم حاصل کرنے میں مصروف عمل ہیں، دیگر سالوں کی طرح امسال بھی 55 طلبہ نے قرآن کریم حفظ مکمل کیا، دارالعلوم دیوبند کے سینئر استاذ اورکل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند کے ناظم عمومی جناب مولانا محمد شوکت علی قاسمی بستوی نے اس موقع سے فارغین حفاظ کو دعاؤں سے نوازا، اورآپ نے ہی حفظ قرآن کریم کی تکمیل کرائی، 16فروری سے 22فروری تک سالانہ امتحان کاانعقاد ہوا، حفظ، دینیات اور درجات عربی اول سے عربی ششم تک کے طلبہ شریک ہوئے، اور آج تقسیم انعام تقریب میں جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ کے معاون مہتمم جناب مولانا مرغوب الرحمن صاحب قاسمی ودیگر اساتذہ نے اول دوم سوم میں کامیاب طلباء کو انعام واکرام سے نوازا اس موقع پر مفتی خالد انور پورنوی استاذ جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ وجنرل سکریٹری رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار نے کہاکہ آپ سب گھر جارہے ہیں، مگر لکھنے، پڑھنے کا عام معمول وہاں بھی جاری رکھیں، لوگوں کے ساتھ اچھے انداز میں پیش آئیں، ماں باپ کی خدمت کریں، کوئی ایسا کام نہ کریں کہ اس سے آپ کی اور آپ کے ادارہ کی بدنامی ہو اس موقع سے عربی ششم کے طالب علم اکمل الہی اور سجیم نے الوداعی ترانہ پیش کیا، جناب مولانا مرغوب الرحمن صاحب قاسمی کی دعاء پر اجلاس اختتام پذیر ہوا _