
رمضان کی تیاری کیسے کریں….؟ (چوتھی قسط)
✍🏼 مولانابدیع الزماں ندوی قاسمی
(چیرمین انڈین کونسل آف فتویٰ اینڈریسرچ ٹرسٹ بنگلورو جامعہ فاطمہ للبنات مظفرپور، بہار)
(19) اپنے طور پر یا کسی عالم سے مل کر کچھ ماہ مقدس سے متعلق احکام و مسائل تیار کر لیں تاکہ خود بھی غلطی نہ کریں اور دوسروں کو بھی غلطیوں سے بچائیں اور یہ مسائل و احکام اہل محلہ ، گھر والوں ، مسجد میں نمازیوں، عام لوگوں اور طلبہ کو بھی بتائیں۔
(20)قرآن مجید کی تلاوت اور تفہیم و تدبر کے لئے زیادہ سے زیادہ وقت لگانے کے لئے ایک پروگرام بنائیں ایک روز میں کتنی تلاوت کرنی ہے ، کتنے حصوں کو سمجھنا ہے اور کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ تلاوت کے ساتھ کم از کم ایک بار اس کو معانی و مفہوم کے ساتھ مکمل کریں ہر زبان میں آسان و مختصر تر جمہ و تشریح موجود ہے۔
(21) گھر والوں اور اہل محلہ کو رمضان کی تیاری کے لئے شعبان کے آخری پندرہ دنوں میں ایک دودن کے گیپ کے ساتھ کچھ مجالس کا انعقاد کریں جس میں رمضان کے فضائل و مسائل اور خصوصیات رمضان کیسے گذاریں ، فقہی احکام و مسائل ، رمضان سے متعلق مستتذ بیانات کی سیڈیز سننا سنانا اور اہمیت ماہ مقدس پر مزاکراہ کا اہتمام کریں ، تاکہ پوری تیاری سے رمضان کو گزار سکیں۔
22)کچھ رقم مخصوص کر لیں اور الگ رکھ لیں تاکہ ماہ رمضان میں اسے خیر کے کاموں میں خرچ کر سکیں یہ صدقہ اور زکوٰۃ کے علاوہ ہے اگر زکوٰۃ واجب ہے تو اسے مستحق تک پہنچائیں اوصدقہ فطر عید کے پہلے مستحق کو دے دیں تاکہ وہ بھی خوشی ومسرت اور خوشحالی کے ساتھ عید مناسکیں ۔
(23)دعائوں کا خوب اہتمام کریں کہ جب رمضان آئے تو اللہ بھی ہمیں مکمل صحت و عافیت سے رکھنا ، تاکہ خوب انہماک کے ساتھ عبادات کی ادائے گی ہو سکے ۔ بعض اسلاف کے متعلق کتابوں میں مذکور ہے کہ وہ رمضان سے پہلے اس کے حصول اور رمضان کے بعد کے قبول ہونے کی دعا کرتے تھے۔
(24)جب رمضان آئے تو اللہ کا شکر ادا کریں اللہ نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے اور ایک بڑی نعمت رمضان المبارک بھی عطا کر کے اس میں ایک اور اضافہ کر دیا اب ہمیں لیلتہ القدر ، قیام اللیل رحمت و مغفرت اور جہنم سے آزادی جیسی نعمتیں اسی ماہ مقدس میں نصیب ہوں گی اس پر جتنا بھی شکر کریں کم ہے ۔ اللہ کا وعدہ بھی ہے کہ نعمتوں کے شکر پر مزید نعمتیں نصیب ہوں گی اور کفران نعمت محرومی اور شدید عذاب کا ذریعہ ہو گا ، اللہ کی نعمتوں میں سے سب سے بڑی نعمت اس کی اطاعت اور توفیق عبادت کا مل جانا ہے لہذا ماہ مقدس جیسی عظیم نعمت ملنے پر سجدہ شکر بجائیں ۔