
غازی آباد لونی میں دوہرے قتل سے علاقے میں سنسنی
غازی آباد (اسٹار نیوز بیورو)
غازی آباد ضلع کے لونی علاقے میں بوڑھے میاں بیوی کی لاش ملنے کے بعد ہلچل مچ گئی ہے۔ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب میاں بیوی کافی دیر تک گھر سے باہر نہ نکلے۔ پڑوسیوں نے کھڑکی سے اندر جھانکا تو دونوں کی لاشیں پڑی تھیں۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو دوہرے قتل کی اطلاع دی۔ فی الحال پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹرونیکا سٹی تھانے کے سامنے دولت نگر کالونی کاہے ٹرونیکا سٹی گیٹ نمبر 2 کے قریب کباڑ کی دکان چلانے والے ابراہیم (86 سال)، اس کی بیوی ہاجرہ (65 سال) کی لاش گھر سے ملی۔ صبح جوڑے کو گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ہاجرہ کی لاش گھر کے برآمدے میں پڑی تھی جب کہ ابراہیم کی لاش ایک کمرے میں پڑی تھی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی منی راج، ایس پی دیہات ڈاکٹر ایراج راج، سی او رجنیش اپادھیائے موقع پر پہنچ گئے۔ قتل کی وجہ خاندانی دشمنی بھی بتائی جارہی ہے۔ بتایا گیا کہ متوفی کی بیٹی اور داماد اکٹھے رہتے ہیں۔ پولیس نے معاملے کی سنجیدگی سے تفتیش شروع کر دی ہے۔