تازہ ترین خبریں

جمعیت علماء گجرات نے سنبھل کے شہداء کے اہل خانہ کو مالی امداد فراہم کی

جمعیۃ علماء گجرات نے سنبھل کے شہداء کے اہل خانہ کو مالی امداد فراہم کی۔

قانون اور انصاف کو دبانے سے کوئی نظام مستحکم نہیں رہ سکتا – مولانا محمد حکیم الدین قاسمی

محمد صدر عالم نعمانی

جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں جمعیۃ علماء گجرات کے ایک وفد نے آج سنبھل حادثہ کے شہیدوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہر خاندان کو ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی۔ اس اقدام کا مقصد رمضان سے پہلے متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنا اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا حقیقی مظاہرہ کرنا ہے۔

وفد میں جمعیۃ علماء گجرات کے نائب صدر مولانا عبدالقدوس پالنپوری، مولانا ابوالحسن سیوانی (پالن پور)، مولانا ندیم احمد بدرخہ اور دیگر معززین شامل تھے۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء سنبھل کے صدر حافظ محمد شاہد، جنرل سکریٹری مولانا ندیم اختر قاسمی اور مقامی عہدیداران بھی موجود تھے۔ قابل ذکر ہے کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی خصوصی ہدایت پر اس واقعہ کے چند دن بعد ہی مرکزی دفتر کی طرف سے ہر شہید کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔ جمعیت متاثرین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس موقع پر مولانا عبدالقدوس پالنپوری نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی خصوصی توجہ کے بعد جمعیۃ علماء گجرات اپنے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے یہاں آئی ہے۔ ہم نے ہمیشہ مظلوموں اور ضرورت مندوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا عہد کیا ہے اور آئندہ بھی اپنے دینی و قومی فرائض کی ادائیگی کرتے رہیں گے۔

جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعیت شروع سے ہی سنبھل حادثہ کے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہماری امدادی سرگرمیوں کا مقصد نہ صرف مالی امداد فراہم کرنا ہے بلکہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کے دکھ میں برابر کا شریک ہونا بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی نظام قانون اور انصاف کو دبا کر مستحکم نہیں رہ سکتا۔ ہم سنبھل حادثے کے متاثرین کے ساتھ ہر قیمت پر کھڑے ہوں گے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے کہ متاثرین کو انصاف ملے اور ان کی آواز سنی جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button