
تازہ ترین خبریںدہلی
آزاد مارکیٹ علاقہ میں بی جے پی کے بانی رُکن سکندر بخت قریشی(مرحوم) کی یاد میں سمینار کا انعقاد
نئی دہلی،(نمائندہ): پچھلی شب آزاد مارکیٹ علاقہ میں سابق گورنر اور سابق مرکزی وزیرپدم وی بھوشن سکندر بخت قریشی کی یاد میں ایک سمینار کا انعقاد کیا گیا۔آل انڈیا جمعیۃ القریش کے قومی سیکریٹری مصطفی قریشی کی جانب سے منعقد پروگرام میں شر کت کرتے ہوئے آل انڈیا مائنارٹیز فرنٹ کے قومی صدر ڈاکٹر سید محمدآصف اور بزرگ صحافی حبیب اختر نے سکندر بخت صاحب کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے ساتھ گزارے لمحات کو یاد کیا۔
انہوں نے بتایا کہ موصوف ہمہ وقت قوم کی بچیوں کی تعلیم کیلئے ہمہ وقت سرگرم رہتے تھے، اس کیلئے انہوں نے زمینی سطح سے تعلیمی بیداری کے حوالے سے کام کیا اور قومی یکجہتی بالخصوص ہندو-مسلم اتحاد کیلئے بیش بہاخدمات انجام دی ہے،ضروری ہے کہ ہم اپنے بزرگوں کے کارنامے نئی نسل کوروشناس کرائیں۔
دہلی اردواکادمی کے رُکن اسرار قریشی نے کہاکہ مرحوم سکندربخت اپنی گوناگوں شخصیت سے ہمیشہ یادکئے جائیں گے، کیو نکہ اپنی زندگی کو سماجی کاموں میں وقف کر دیا تھا،سکندر بخت صاحب قریش برادری کی تاریخ ساز شخصیت تھے،ملک و قوم کیلئے بھی اُنکی گرانقدرخدمات قابل ستائش ہیں، تاہم وہ تقسیم وطن کے خلاف تھے نیزاتحاد ویکجہتی اوربھائی چارگی کیلئے ہمیشہ آواز بلند کی،ساتھ ہی اردو زبان وادب سے اُنکوگہرالگاؤ تھا۔قبل ازیں تقریب کے کنوینرمصطفی قریشی نے اپنی گفتگو میں مہمانان کا استقبال کیااوراپنی گفتگو میں کہاکہ سکندر بخت جی نے ملک وقوم کے تئیں جو خدمات انجام دی ہے، وہ سنہرے حرفوں میں لکھے جا نے کے قابل ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ جو قوم اپنے بزرگوں کو بھول جاتی ہے، وہ نسلیں بھی ختم ہو جاتی ہیں، ضروری ہے کہ ہم اپنے آباو اجداد کو یاد رکھیں، اُنکی خدمات کا ذکر کریں،تاکہ آنے والے نسل بھی عظیم شخصیات کی زندگی سے سیکھیں اور ترقی کریں۔ اس موقع پر راجدھانی کے مختلف چینلوں و میڈیا ہاؤس میں کام کر نے والے سرگرم صحافیوں کو بھی شیلڈ وٹرافی دے کر عزت افزائی کی گئی۔
آخر میں مومن کا نفرنس دہلی کے سیکریٹری جنرل اور پروگرام کے کورڈینیٹر محمد شاکر انصاری نے اظہار تشکر کے فرائض انجام دئے،جبکہ حافظ غفران نقشبندی نے ملک وملت کی فلاح وبہبود کے ساتھ سکندر بخت صاحب کیلئے ایصال ثواب کی دعاکرائی۔اس دوران ڈاکٹرمحمد نفیس قریشی، ماسٹر زاہد حسین، ممتا ز احمد انصاری(بھائی ببو)ودیگر نے بھی اظہارخیال کیا،جبکہ اہم شرکامیں حاجی کمال الدین قریشی،حاجی محمد شمیم انصاری،ساجدپپو بھائی قریشی،محمدزاہدبشیر(پہلوان)، حافظ محمددانش متین، علی حسن،ناصر علی انصاری،حاجی فرقان سمیت دیگر کے اسمائے گرامی قابل ذکر ہیں۔