بہارتازہ ترین خبریں

بزمِ صدف کا بین الاقوامی ایوارڈ ممتاز محقق اور شاعر ظفر کمالی کودیا جائے گا

ایوارڈ تقریبات کا انعقاد 30؍نومبر کو دوحہ، قطر میں اور 3؍دسمبر کو دوبئی میں
پٹنہ۔ 22؍نومبر۔ اردو کے معتبر محقق ، ممتاز رباعی گو، معروف ظریفانہ شاعر اور بچوں کے ادب کے ماہر ڈاکٹر ظفر کمالی کو 2022ء کے لیے بزمِ صدف کا بین الاقوامی ادبی ایوارڈ تفویض کیا جائے گا۔ سیوان (بہار) کے شعبۂ فارسی کے استاد ڈاکٹر ظفر کمالی ہند و پاک کے ان نمایندہ لکھنے والوں میں اعتبار کا درجہ رکھتے ہیں جنھوںنے ایک ساتھ کئی اصناف میں اپنی خدمات انجام دیں۔ رباعیات، تحقیق، ادبِ اطفال اور ظریفانہ ادب جیسے مختلف ادبی و علمی شعبوں میں ان کی خدمات کا ایک عالم معترف ہے۔ بزمِ صدف کی مرکزی ایوارڈ کمیٹی اور مرکزی گورننگ کونسل کے اراکین نے متفقہ طور پر ڈاکٹر ظفر کمالی کو ۲۰۲۲ء کے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا۔ واضح ہو کہ گذشتہ سال انھیں ادبِ اطفال کے لیے ساہتیہ اکادمی نے بھی اپنے ایوارڈ سے نوازا تھا۔
ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے بزمِ صدف کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری اور چیئرمین جناب شہاب الدین احمد نے ظفر کمالی کو ان کی خاموش ادبی خدمات کے لیے مبارک باد دی اور یہ توقع ظاہر کی کہ بزمِ صدف کے سابقہ انعام یافتگان کے معیاری سلسلے کا لازمی طور پر وہ بھی حصہ بنیں گے اور عالمی طور پر ان کی ادبی اہمیت کا اعتراف کیا جائے گا۔ معلوم ہو کہ بزمِ صدف نے اب تک جناب جاوید دانش(۲۰۱۶ء)، جناب مجتبیٰ حسین (۲۰۱۷ء)، جناب باصر سلطان کاظمی(۲۰۱۸ء)، جناب مظفر حنفی(۲۰۱۹ء)، جناب غضنفر(۲۰۲۰ء)، محترمہ شاہدہ حسن(۲۰۲۱ء) کو اب تک بزمِ صدف کے بین الاقوامی ایوارڈس پیش کیے جاچکے ہیں۔ ایوارڈ تقریبات دوحہ قطر، پٹنہ اور حیدرآباد میں منعقد ہوئی ہیں، اس بار دوحہ قطر اور دوبئی میں اس کا اہتمام ہورہا ہے۔
۲۰۲۲ء کے لیے نامزد ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر ظفر کمالی ۳؍اگست ۱۹۵۹ء کو سیوان کے قصبہ رانی پور میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام کمال الدین ہے۔ انھوںنے بڑہریا ہائی اسکول، سیوان ؛ ذکیہ آفاق اسلامیہ کالج ، سیوان؛ اورینٹل کالج ، پٹنہ سٹی اور پٹنہ یونی ورسٹی، پٹنہ سے تعلیم حاصل کی۔ اردو اور فارسی میں ایم۔اے۔ کے ساتھ بی۔ایڈ اور پی ایچ۔ڈی۔ کی سندیں بھی حاصل کیں۔ ۱۹۸۹ء سے وہ شعبۂ فارسی میں درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ظفر کمالی کی پہلی تصنیف ’مکاتیبِ ریاضیہ‘ ہے جو ۱۹۸۶ء میں شائع ہوئی تھی۔ رباعیات کے چار مجموعے رباعیاں، رباعیاتِ ظفر، خاکِ جستجو، سوغات ؛ ظریفانہ کلام کے چار مجموعے ظرافت نامہ، نمک دان، ڈنک، ضربِ سخن؛ تنقید و تحقیق سے متعلق تین کتابیںمتعلقاتِ احمد جمال پاشا، تحقیقی تبصرے اور احمد جمال پاشا(مونوگراف)؛ ادب اطفال سے متعلق تین کتابیںبچوں کا باغ، چہکاریں اور حوصلوں کی اڑان شائع ہوئیں۔ ان کی مرتبہ کتابوں میںمکاتیبِ ریاضیہ، مکاتیب بنام حکیم مظہر، جنوں کی آگہی، چٹکیاں اور بنامِ مجتبیٰ حسین شامل ہیں۔ ظفر کمالی کے بین الاقوامی ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے کی اطلاع پاکر بزمِ صدف کی مختلف قومی اور بین الاقوامی شاخوں کے عہدے داران نے انھیں مبارک باد پیش کی ہے اور یہ امید ظاہر کی ہے کہ ان کی تصنیف و تالیف اور ناموری کا حلقہ مزید وسیع ہوگا۔ دوحہ قطر سےجناب حسن عبد الکریم چوگلے، محترمہ صوفیہ بخار ی، ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی دانش، جناب عمران اسد، جناب احمد اشفاق، جناب عرفان اللہ؛ کویت سے مسعود حساس ، دوبئی سے جناب امتیاز صدیقی، ہندستان سے پروفیسر ظفر امام، ڈاکٹر واحد نظیر، ڈاکٹر تسلیم عارف، ڈاکٹر افشاں بانو، محمد مرجان علی وغیرہ نے ہدیۂ تبریک پیش کرتے ہوئے ظفر کمالی کے لیے صحت و تندرستی کی دعائیں دی ہیں اور توقع ظاہر کی ہے کہ اس ایوارڈ کے بعد ظفر کمالی کی تصنیفی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا اوران کے قبول عام کا دائرہ وسیع ہوگا۔
صفدر امام قادری
ڈائرکٹر: بزمِ صدف انٹرنیشنل

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button