
بہارتازہ ترین خبریں
بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن سمستی پور کے ذمہ داران نے کی لوگوں سے فروغ اردو سیمینار میں شرکت کی اپیل
سمستی پور (محمد مصطفیٰ)اردو زبان سیل، سمستی پور کی جانب سے ضلع انچارج اردو لینگویج سیل کی نگرانی میں اور متعلقہ ضلع افسر کی رہنمائی میں، اردو زبان کی ترقی اور اس میں دلچسپی پیدا کرنے کے لیے ہر سال ضلعی سطح پر تین طرح کے پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔

جس میں ضلعی اردو نامہ، فروغ اردو سیمینار و مشاعرہ اور طلبہ کا مسابقہ پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس سال بھی 31 جنوری 2023 کو کرپوری آڈیٹوریم سمستی پور میں فروغ اردو سیمینار اور مشاعرہ منعقد ہونے جا رہا ہے، اس کے پیش نظر بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن سمستی پور یونٹ نے صدری ولا، فاضل پور، شاہ پور بگھونی میں ایک میٹنگ کا اہتمام کیا جس میں بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن نے کے ضلع صدر مرغوب صدری علیگ نے کہا کہ اردو میں دلچسپی اور اردو کی ترقی کے لیے پورے بہار میں حکومتی سطح پر پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں، جسکے ذریعہ سے اردو زبان کے فروغ کی کوششیں کی جاتی ہیں اور اس کی مٹھاس عام لوگوں تک پہنچتی ہے۔جو اردو زبان کی ترقی میں معاون ہے۔ لہٰذا بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن سمستی پور ضلع کے محبان اردو اور عام لوگوں سے اپیل کرتی ہے کہ اس پروگرام میں شرکت کریں اور پروگرام کو کامیاب بنانے کی کوشش کریں۔