
دہلی پولیس کا فلسطینیوں کیلئے دعا کرنے پر پابندی عائد کرنا غیر آئینی۔ ایس ڈی پی آئی
نئی دہلی۔(پریس ریلیز)۔سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا(SDPI) کے قومی جنرل سکریٹری الیاس محمد تمبے نے اپنے جاری کردہ اخباری اعلامیہ میں دہلی پولیس کی طر ف سے مساجد کے اماموں کو مسجدوں میں فلسطینیوں کے حق میں دعا نہ مانگنے کی انتباہ دینے کی سخت مذمت کی ہے۔
الیاس محمد نے کہا کہ دہلی پولیس کا یہ اقدام انتہائی غیر جمہوری، آئین مخالف اورمذہبی آزادی کے خلاف ہے۔ انتباہ کی تعمیل نہ کرنے پر اماموں کو مبینہ طور پر کارروائی کی بھی دھمکی دی گئی ہے۔
مساجد میں دعاؤں کا اہتمام مسلم برادری کا حق ہے اور حکومت یا اس کی مشینری کو کوئی حق نہیں ہے کہ وہ دعا اور عبادات کے بارے میں شرائط وضع کرے، جب تک کہ وہ ملک کے خلاف نہ ہو۔ ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری الیاس محمدتمبے نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی چند دن پہلے کی بات ہے کہ ہمارے ملک نے صہیونی آبادکاری کے خلاف اقوام متحدہ کی قرارد اد کی حمایت کی تھی جو مشرقی وسطی میں بدامنی اور تنازعات کی بنیادی وجہ ہے۔
الیاس محمدنے سوال کیاکہ پھر آبادکاروں کی طرف سے ڈھائے جانے والے غیر انسانی مظالم کا شکار ان لوگوں کے حق میں دعاؤں پر پابندی کیسے لگائی جاسکتی ہے؟۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت بیک وقت دو کشتیوں میں سفر کررہی ہے۔فلسطین میں مظلوموں کے کاز کی حمایت کرنا اور ساتھ ہی ملک میں ان لوگوں پر ظلم کرنا جو فلسطینیوں کے کاز کی حمایت کرتے ہیں۔
ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری الیاس محمد تمبے نے اختتام میں کہا ہے کہ یہ ملک کے لیے شرم کی بات ہے کہ حکومت اس صہیونی ملک کی جی حضوری کررہی ہے جو پناہ گزینوں کے کیمپوں اور اسپتالوں پر بھی بے دردی سے بمباری کررہی ہے اور معصوم بچوں، بے گناہ لوگوں، عورتوں، بوڑھوں اور شہریوں کو قتل کررہی ہے۔