تازہ ترین خبریں

بزمِ صدف انٹرنیشنل کی عالمی سرگرمیوں پر مشتمل تفصیلی کتاب کا اجرا قطر میں ۲۷؍جنوری کو ہوگا قطر پروگرام میں ۱۲؍ملکوں کے نقاد اور شعراے کرام کی شرکت سے اردو کا ایک عالمی ماحول سامنے آئے گا پٹنہ میں پریس کانفرنس سے بزمِ صدف کے ڈائرکٹر جناب صفدر امام قادری کا خطاب

پٹنہ۔ ۲۲؍جنوری ۲۰۲۳ء۔بزمِ صدف اردو کی بین الاقوامی حیثیت کی پیغام رسانی کی مہم میں ہمہ وقت سرگرم ہے اور اردو زبان کے توسط سے عالمی سطح پر امن اور آشتی ، محبت اور خیر سگالی کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ کرونا کی مشکلات کے بعد عالمی سطح پر جو آمد و رفت کی نئی صورت پیدا ہوئی ہے، اس میں بزمِ صدف نے اپنے بین الاقوامی پروگرام کا آغاز کردیا ہے اور اسی ہفتے دوحہ، قطر میں ۲۶ اور ۲۷؍جنوری ۲۰۲۳ء کو عالمی سے می نار اور مشاعرے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس تقریب میں امریکہ، یورپ اور ایشیا و افریقہ کے ۱۲؍ممالک کے ادبا و شعرا جمع ہورہے
ہیں۔
بزمِ صدف کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے گورنمنٹ اردو لائبریری، پٹنہ کے ہال میں بزمِ صدف کی جانب سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اردو اور ہندی اخبارات کے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مذکورہ باتیں کہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ہندستان ، قطر ، سعودی عرب، کویت جرمنی، بنگلا دیش، کناڈا اور آسٹریلیا میں بزمِ صدف انٹرنیشنل کی شاخیں سرگرمِ عمل ہیں اور اس کے علاوہ خواتین کے حوالے سے بھی بزمِ صدف کی ایک سرگرم تنظیم کام کررہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ بزمِ صدف ادبی اور علمی سرگرمیوں کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے بہت سارے کام بھی انجام دیتی ہے۔
پروفیسر قادری نے بتایا کہ بزمِ صدف انٹرنیشنل کئی جہات سے اپنی سرگرمیو ں کو پایۂ تکمیل تک پہنچاتی ہے۔ ہندستان کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک اور بڑے شہروں میں ادبی اور علمی اعتبار سے اہم موضوعات پر سے می نار کے انعقاد کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں اصحابِ علم کی کتابوں کی اشاعت اور رسالہ صدف کو شائع کرنا وہ خاص کام ہے جس کی بڑے پیمانے پر پذیرائی ہوتی رہی ہے۔ بزمِ صدف نے ۲۰۱۶ء سے اپنے عالمی ایوارڈ دینے شروع کیے۔ جناب جاوید دانش(۲۰۱۶ء)، جناب مجتبیٰ حسین (۲۰۱۷ء)، جناب باصر سلطان کاظمی (۲۰۱۸ء)،جناب مظفر حنفی (۲۰۱۹ء)، جناب غضنفر (۲۰۲۰ء ) کو اب سے قبل بزمِ صدف کے بین الاقوامی ایوارڈس پیش کیے جاچکے ہیں۔ بزمِ صدف پچاس برس سے کم عمر کے افراد کو نگاہ میں رکھتے ہوئے نئی نسل کا انعام پیش کرتی ہے۔ واحد نظیر(۲۰۱۶ء)، عشرت معین سیما(۲۰۱۷)، راشد انور راشد(۲۰۱۸ء)، ثروت زہرا(۲۰۱۹ء)، ابوبکر عباد(۲۰۲۰ء) کو نئی نسل کے بزمِ صدف انعامات پیش کیے گئے ہیں۔ اس بار ۲۰۲۱ء کے انعامات ۲۷؍جنوری ۲۰۲۳ء کو قطر کے عالمی مشاعرے کے موقعے سے پیش کیے جائیں گے۔ بین الاقوامی ایوارڈ ممتاز شاعرہ شاہدہ حسن(کناڈا) اور نئی نسل کا انعام عنبرین صلاح الدین(پاکستان) کو دیا جائے گا۔
قطر پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے پروفیسر قادری نے قطر تقریب کے بارے میں بتایا کہ اس موقعے سے پانچ نئی مطبوعات کا اجرا بھی کیا جائے گا۔ بزمِ صدف کی روایت رہی ہے کہ اپنے ہر جلسے میں وہ مکتبۂ صدف کی جانب سے شائع شدہ نئی کتابوں کا اجرا کراتی ہے۔ اس بار شوکت حیات کا ناولٹ ‘سرپٹ گھوڑا’ (مرتبہ صفدر امام قادری)، ایک رات کا موقف(افسانوی مجموعہ: ڈاکٹر شکیل )، دھنک رنگ(شعری مجموعہ: شعاع گیاوی)، سوغات(مجموعۂ رباعیات ظفر کمالی) اور ‘بزمِ صدف ایک مشن’(یادگاری مجلہ ۲۰۲۳: مربتہ ڈاکٹر افشاں بانو و ڈاکٹر نظام الدین احمد) کا خاص طور سے اجرا کیا جائے گا۔
بزمِ صدف کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے بزمِ صدف کی ہمہ گیر سرگرمیوں کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ چھے سات برسوں میں بزمِ صدف نے ایک سو سے زیادہ کتابیں شائع کی ہیں۔ اس کے علاوہ خاص طور سے عالمی سطح کے دو درجن سے زیادہ پروگرام منعقد کیے ہیں۔ بیس سے زیادہ آن لائن عالمی پروگرام بزمِ صدف کی طرف سے انجام پذیر ہوئے۔ جناب قادری نے بتایا کہ سرسید احمد خاں کی پیدائش کی دو صدی کے موقعے سے ۲۰۱۸-۲۰۱۷ کے موقعے سے پٹنہ میں ایک سلسلے سے تین عالمی سے می ناروں کا انعقاد کیا۔ اسی طرح اردو صحافت کی دو صدی کی تقریبات کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ بزمِ صدف نے پٹنہ ، کولکاتہ اور حیدرآباد میں تین عالمی سے می نار منعقد کیے اور صحافت کی دو صدی کے پیش نظر دو ضخیم کتابوں کی تدوین اور اشاعت کا کام بھی انجام دیا۔ انھوں نے بتایا کہ گذشتہ برسوں میں سلطان اختر، مجتبیٰ حسین، عشرف معین سیما، سمیع اللہ اسد، اشرف قادری، شوکت حیات اور ظفر کمالی کی حیات و خدمات کے حوالے سے بڑے سے می نار کے انعقادات سے ان شخصیات کی ادبی و علمی خدمات کا ایک واضح نقشہ سامنے آیا۔ بزمِ صدف نے جاوید دانش کو داستان گوئی کے فن کی طرف راغب کیا اور ۲۰۱۶ء میں انھوں نے قطر میں ‘داستان ہجرتوں کی’ عنوان سے اپنا پہلا عالمی شو کیاجو آج دنیا بھر میں پیش کیا جاچکا ہے۔
کرونا کے دور میں بزمِ صدف کی ہندستان ، قطر، کویت، جرمنی، آسٹریلیا جیسے ممالک سے تواتر کے ساتھ ادبی اور علمی پروگرام منعقد کیے گئے۔ شفیع جاوید ، محمد صبیح بخاری، مظفر حنفی ، جلال عظیم آبادی اور راحت اندوری کی تعزیت میں بھی بڑی سنجیدہ محفلیں آراستہ کی گئیں۔ جناب قادری نے بتایا کہ بزمِ صدف آئندہ بھی بڑی ادبی جلسے منعقد کرنے کے سلسلے سے تیاری میں مصروف ہے اور ان شاء اللہ آئندہ اپریل اور مئی میں ہندستان کے مختلف شہروں پٹنہ، کولکاتہ اور دہلی میں ایسے انعقادات ہوں گے۔ پروفیسر قادری نے قطر اور آس پاس کے خلیجی ملکوں میں رہنے والے اردو زبان کے عقیدت مندوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس عالمی مشاعرے کا حصہ بنیں اور اس خبر کو دعوت نامہ سمجھتے ہوئے ۲۷؍جنوری ۲۰۲۳ء کو چھے بجے شام منعقد ہونے والے ڈی پی ایس آڈیٹوریم، الوکرہ میں تشریف لائیں اور شعرا و ادبا کے پیغامِ انسانیت پر خاص توجہ کریں۔
صفدر اما م قادری
ڈائرکٹر ، بزمِ صدف انٹرنیشنل 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button