
رمضان کی تیاری کیسے کریں….؟ :(پہلی قسط)
مولانابدیع الزماں ندوی قاسمی
چیرمین انڈین کونسل آف فتویٰ اینڈ ریسرچ ٹرسٹ بنگلوروجامعہ فاطمہ للبنات مظفرپور ، بہار
رمضان المبارک ایک عظیم ، بابرکت، مقدس ، تربیتی اور رحمت الہیٰ کے نزول کا مہینہ ہے۔ اس کا ایک ایک لحہ اور ساعتیں مبارک اور پر نور ہیں۔ خوش نصیب ہے وہ جسے ماہ مقدس کی مبارک ساعتیں میسر ہوں۔ اس ماہ سے پوری طرح سے فائدہ حاصل کر نے کے لئے ضروری ہے کہ پہلے سے ہی اس کی تیاری کی جائے ، آیئےہم سب مل کر سو چیں اور غور کریں کہ رمضان المبارک کی تیاری کیسے کی جائے؟
(1) اس بات کی سچی نیت اور پختہ عزم کریں کہ رمضان المبارک نصیب ہونے کی صورت میں جو بھی اعمال کریں گے اور جن عبادات کا اہتمام کریں گے اس کا مقصد اپنے اندر تقویٰ پید ا کرنا ہو گا ان شاء اللہ ، جو روزے کا مقصد حقیقی ہے اور اس پر ہم ماہ مقدس کے بعد بھی قائم رہیں گے۔
(2) ایک حدیث میں آیا ہےکہ جس نے خالص اللہ تعالی کے لئے چالیس دن تک جماعت کے ساتھ تکبیر تحریمہ پاتے ہوئے نماز ادا کی اس کے لئے دو چیزوں جہنم اور نفاق سے برات لکھ دی جاتی ہے(ترمذی )، اس اعزاز کو حاصل کرنے کے لئے بیسویں شعبان سے ہی اس بات کا عزم کر لیں کہ آخر رمضان المبارک تک ساری نمازیں جماعت اور تکبیر تحریمہ کے ساتھ ادا کرنا ہے ان شاءاللہ،
3) اللہ ک سامنے خوب عاجزی و انکساری اور الحاح وزاری کے ساتھ دعا کریں کہ ائے اللہ ہمیں رمضان جیسا مقدس مہینہ نصیب فرما جس سے ہم اپنے گناہوں کو تجھ سے بخشواکر جنت کے حقدار بن پائیں تو بہ و استغفار کا اہتمام کریں ، یہ دعا کریں کہ اللہ ہم تو کمزور ہیں تو ہی ہماری پیشانی پکڑ کر اپنے سامنے جھکاد۔(جاری)