بہارتازہ ترین خبریں

نتیش حکومت شراب نوشی کرنے والوں کے خلاف سخت بہار: پہلی بار شراب نوشی کرتے ہوئے پکڑے جانے پر گھر کے باہر چسپاں ہوگا انتباہی پوسٹر!

پٹنہ: اشرف استھانوی:۔بہار میں مکمل شراب بندی کے باجود شراب نوشی کا سلسلہ جاری ہے۔ اب حکومت نے شراب نوشی کرنے والوں کے خلاف سخت فیصلہ کیا ہے۔بہار میں اگر کوئی پہلی بار شراب پیتے ہوئے پکڑا گیا تو اس پر جرمانہ تو عائد کیا ہی جائے گا، تاہم اس کے گھر پر انتباہی پوسٹر بھی چسپاں کر دیا جائے گا۔ پوسٹر پر لکھا ہوگا کہ دوسری بار شراب نوشی کرتے ہوئے پکڑے جانے پر ایک سال قید کی سزا ملنی یقینی ہے۔ محکمہ ممانعت شراب کے حکام کے مطابق پوسٹر چسپاں کرنے کا مقصد انتباہ دینا ہے۔محکمہ کے افسران ایسے لوگوں کی جانچ بھی کریں گے اور شبہ ہونے پر سانس کا جائزہ لینے والے آلہ (بریتھ اینالائزر) سے تفتیش بھی کر سکیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ اس سال ممانعت شراب قانون میں ترمیم کرتے ہوئے پہلی بار شراب نوشی کرنے والوں کو پکڑے جانے پر جرمانے کے ساتھ رہا کرنے کا التزام کیا گیا ہے۔محکمانہ افسر کے مطابق پہلی بار شراب نوشی کے معاملہ میں پکڑے گئے ملزم کو حلف نامہ اور تین سے پانچ ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کے بعد رہا کر دیا جائے گا۔ اب تک 50 ہزار سے زائد افراد کو اس شق کے تحت جرمانہ ادا کر کے رہا کیا جا چکا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ محکمہ ممانعت شراب نے ایسا قدم اس لیے اٹھایا ہے کیونکہ شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ پہلی بار پکڑے جانے کے بعد بہت سے لوگ دوبارہ شراب نوشی کر رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ شراب پر پابندی کے بعد بھی بہار میں غیر قانونی شراب کا دھندہ چلائے جانے کے الزامات عائد ہوتے رہتے ہیں۔ ہر روز ریاست کے کسی نہ کسی حصے سے شراب پکڑی جانے کی خبریں بھی لگاتار موصول ہوتی رہتی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button