
دینی تعلیمی بورڈ کا یک روزہ ورکشاپ اختتام پذیر منظم مکاتب کا قیام وقت کی ضرورت: مولانا محمد ناظم قاسمی
ارتداد پر راضی ہوجائیں یا بچوں کیلئے دینی تعلیم کا نظم کریں: مولانا خالد قاسمی گیاوی
پریس ریلیز 18/نومبر، پٹنہ
جمعیۃ علماء بہار کے زیر اہتمام اور جامعہ قاسم العلوم تریپولیہ عالم گنج پٹنہ کے زیر انتظام مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کا یک روزہ ورکشاپ کا انعقاد صوبائی دفتر تریپولیہ پٹنہ میں ہوا، جس میں مرکز سے بحیثیت مہمان خصوصی جناب مولانا خالد قاسمی گیاوی ناظم مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند شریک ہوئے، پروگرام کی نگرانی جمعیۃ علماء بہار کے جنرل سکریٹری اور جامعہ قاسم العلوم تریپولیہ عالم گنج پٹنہ کے بانی و مہتمم حضرت مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے فرمائی، اس موقع پر مولانا نے اپنے تمہیدی کلمات میں کہا کہ آج کے بگڑتے معاشرے اور پرفتن ماحول میں اپنے بچوں کے ایمان و یقین کے تحفظ کی خاطر منظم مکاتب کا قیام وقت کا اہم تقاضہ ہے اور ضرورت ہے کہ ہر شہر اور ہر قصبہ میں جگہ جگہ دینی مکاتب کا قیام عمل میں لایا جائے، تاکہ ہم اپنے بچے بچیوں اور آنے والی نسلوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کر سکیں اور ان کے ایمان و یقین کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے_
مرکز سے تشریف لائے جناب مولانا خالد قاسمی گیاوی نے مرکزی حکومت کا ڈاٹا پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مدارس کی صورت حال درست نہیں ہے جہاں مدارس میں مسلمانوں کے صرف چار فیصد بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں وہیں ۹۶/ فیصد بچے کی دین و ایمان کی مکمل ضمانت نہیں لی جاسکتی ، ایک طرف ارتداد کی پھیلتی لہر نے تقریباً دس لاکھ سے زائد مسلمان بچیوں کو بے راہ روی کی طرف لے گیا وہیں اس سے کہیں زائد مسلمان نوجوان ایکس مسلم گروپ سے جڑ کر گمراہ ہوتے نظر آرہے ہیں ایسے میں ہماری اور آپ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ان کے ایمان و یقین کی فکر کرتے ہوئے منظم دینی ماحول میں دینی مکاتب کا قیام عمل میں لائیں تاکہ اصلاح قلب کے ساتھ ساتھ بچے اور بچیوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کیا جاسکے، پروجیکٹر کے ذریعے پریزنٹیشن پر مکمل پروگرام دکھایا اور مکاتب کے نظام تعلیم، طریقہ تدریس اور منظم مکاتب کے داخلی و خارجی امور پر تفصیلی گفتگو کی اور بتایا کہ دینی تعلیمی بورڈ کے ذریعے خود کفیل منظم مکاتب قائم کر کے اپنے نونہالان امت کے مستقبل کو کیسے سنوار سکتے ہیں، اپنے مدرسے کے زیر انتظام مکاتب کے نظام کو بہتر طریقے پر کیسے چلایا جا سکتا ہے اور اسی طرح مکاتب کے داخلی و خارجی امور کو کیسے انجام دیا جائے اس پر تفصیلی گفتگو کی_
مولانا گیاوی نے تمام علماء ائمہ اور تمام ذمہ داران مدارس سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کے دین کی فکر کریں ، انھیں دیندار بنائیں اور ان کی بنیادی دینی تعلیم کی فکر کریں ، خصوصاً انھوں نے مساجد کے صدور و سکریٹری سے درخواست کی کی کہ وہ اپنے محلے کی مسجد میں منظم مکاتب قائم کر کے بہتر نظام و نصاب کے ساتھ دینی تعلیم کا انتظام کریں تاکہ ہر بچہ اسکولی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم بھی حاصل کر سکیں، انھوں نے اس بات بھی زور دیا کہ مکاتب میں اجتماعی تعلیم کا انتظام ہو، فرداً فرداً سبق نہ پڑھا کر تمام بچوں کو اجتماعی طور پر سبق پڑھایا جائے، مکتب میں ہمارے بچے دو تین گروپوں میں بٹے ہوتے ہیں تو ایک گروپ میں کرنے کی کوشش کریں اور بلیک بورڈ کا استعمال ضرور کریں اس سے بچوں کے ذہن میں سبق جلدی نقش ہو جاتاہے، آپ منظم مکتب پر قابو اسی وقت پا سکتے ہیں جب ہم اجتماعی تعلیم کا اہتمام کریں گے اور یہ سارا کام ایک دو مہینے میں پورا کیا جا سکتا ہے_
قائد جمعیت صدر محترم حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی پوری جد وجہد اور کوشش ہے کہ مسلم معاشرے کا کوئی بچہ ناخواندہ نہ رہے اور اس کیلئے ہمیں ہر قصبہ اور علاقے میں خود کفیل اور منظم مکاتب کا قیام عمل میں لانا ہوگا_
جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی جناب مولانا حکیم الدین صاحب قاسمی دامت برکاتہم بھی منظم مکاتب کے قیام کو لیکر کوشاں رہتے ہیں اور ہمیشہ مسلم معاشرہ و سماج کی ترقی کیلئے سرگرم عمل رہتے ہیں- جمعیۃ علماء بہار کے صدر حضرت مولانا مفتی جاوید اقبال صاحب قاسمی دامت برکاتہم کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ آج جمعیۃ علماء بہار کا دائرہ کار بہت وسیع ہے اور ہر موڑ پر جمعیۃ علماء خدمت کیلئے تیار رہتی ہے_
الحمد للہ آج جمعیۃ علماء بہار پورے صوبے میں متحرک اور فعال ہے اور ہر میدان میں سرگرم ہے اور یہ سب مجاہد ملت حضرت اقدس مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی دامت برکاتہم کی محنتوں اور کوششوں کا نتیجہ ہے، پورے بہار میں جمعیۃ علماء کی پندرہ سو سے زائد یونٹیں قائم ہیں جس میں مقامی، علاقائی، بلاک اور ضلعی سطح کی یونٹیں شامل ہیں اور سبھی یونٹ کے ذمہ داران وکارکنان اپنے طور پر ملی اور سماجی خدمات انجام دے رہے ہیں_
پروگرام میں جناب مولانا ذاکر حسین صاحب قاسمی خازن جمعیۃ علماء بہار، مولانا عبد الجبار قاسمی، مولانا سالم شمسی، مولانا اظہار عالم قاسمی، حشمت علی خان صاحب، مولانا دستگیر صاحب امام چھتہ مسجد، مولانا سعید الرحمن امام مسجد گھیرا عالم گنج، مولانا نسیم الہدی امام نوری مسجد، جناب جاوید نصر صاحب، مولانا سفیان عالم قاسمی، جناب رستم صاحب، حافظ معاذ، مولانا آصف جمیل قاسمی، حافظ فصیح الدین عرف فردوس مدنی، مولانا نجم الثاقب مہتمم جامعہ میثاء حاجی پور ، قاری روح اللہ، مولانا ذکاءاللہ، مولانا ارشاد،مولانا شمس الدین، مولانا معین اللہ، مولانا سیف الاسلام قاسمی سپول، مولانا ابرار الحق قاسمی،حافظ نیاز الدین، مولانا ذکی الاعظم، حافظ حسن،حافظ یاسر، مولانا انور، قاری قمر الزماں، قاری اسامہ جعفری، مولانا سلمان اور مولانا فیروز عالم قاسمی سمیت سینکڑوں افراد شریک ہوئے اور اخیر میں جمعیۃ علماء بہار کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ناظم صاحب قاسمی کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا_