جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر پر یوم جمہوریہ جوش و خروش سے منایا گیا*
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر پر یوم جمہوریہ جوش و خروش سے منایا گیا
ممبئی 26/جنوری مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم جمعیة علماء مہاراشٹر (ارشدمدنی ) کےدفتر پر یوم جمہوریہ کی 75 ویں سالگرہ جوش و خروش سے منائی گئی۔
جمعیة علماء کے ریاستی دفتر واقع امام باڑہ کمپاؤنڈ، ممبئی کے صدر گیٹ پر مفتی محمد یوسف قاسمی (خازن جمعیة علماء مہاراشٹر) کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔
مفتی محمد یوسف قاسمی نے پرچم کشائی کے بعد اپنے خطاب میں فرمایا کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک میں آج اس وقت 75 واں یوم جموریہ منایا جارہا ہے۔آج کا دن ہمارے لئے خوشی کے ساتھ ہی ساتھ یوم احتساب بھی ہے، اس معنیٰ کر کہ جمہوری قدروں کوہمارے بزرگوں نے کس طرح سے حاصل کیا تھا ؟اور کس لئے حاصل کیا تھا؟جن بنیادوں پر جمہوریت قائم کی گئی تھی،کیا آج ان کی ساکھ باقی ہے؟
مفتی یوسف قاسمی نے یہ بھی کہا کہ ملک کی آزادی ہمارے اکابر کی مرہون منت ہے ،اس لئے ہمیں جمہوری و سیکولر نظام حکومت کی قدرکرنی چاہئے۔
خازن جمعیة نے مزید کہا کہ اس وقت سب سے بڑا خطرہ ملک کے جمہوری نظام کو ہے جس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اخیر میں یہ بھی کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے جس پر ہم کو فخر ہے اوریہ جمہوریت ہمارے اسلاف کی انتھک قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ آج کچھ لوگ اپنی طاقت اور اقتدار کے نشے میں اس جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے در پے ہیں۔
اس موقع پر انوار گلزار احمد اعظمی،ابو بھائی ،قاری عبد القدیر،مولانا معراج الحق قاسمی، سراج الدین خان،مولانا رحمت اللہ قاسمی، مفتی ابوایوب قاسمی، مولانا محمد ارشد قاسمی، مولانا عبد الخالق قاسمی، مولوی عبدالقدوس کے علاوہ مقامی لوگ خاصی تعداد میں موجود تھے۔