
محافظ شریعت حضرت مولانا سیدمحمدرابع حسنی ندوی کا وصال ملت اسلامیہ کیلئے عظیم خسارہ: نظرعالم
اللہ پاک جلد از جلد قوم و ملت کو حضرت کا نعم البدل عطا فرمائے: مسلم بیداری کارواں
پٹنہ: پریس ریلیز۔ آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظرعالم نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے معزز صدر و محافظ شریعت حضرت مولانا سیدمحمدرابع حسنی ندوی کے وصال کوملت اسلامیہ کے لئے عظیم خسارہ بتایا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت کے انتقال سے جو خلاء پیداہوا ہے اس کی بھرپائی مشکل ہے۔ اللہ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطا کرے۔ نظرعالم نے ملت اسلامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حضرت کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے دعا فرمائیں اور یہ بھی دعاکریں کہ اللہ پاک قوم و ملت کو جلد از جلدحضرت کا نعم البدل عطا فرمائے۔ واضح ہوکہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر حضرت مولانا رابع حسنی ندوی کا انتقال 13/اپریل 2023ء بروزجمعرات کو ہوگیا۔ مولانا رابع حسنی ندوی طویل عرصے سے علیل تھے۔ مولانا کوبہتر علاج کیلئے رائے بریلی سے لکھنؤ لایا گیا تھا۔ انہوں نے لکھنؤ کے ڈالی گنج واقع دارالعلوم ندوۃ العلما میں 93 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ حضرت رابع حسنی ندوی بھارتیہ اسلامی اسکالر تھے،آپ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈکے صدر کے علاوہ ندوۃ العلماء لکھنؤ (جو مذہبی تعلیم کا ایک اہم مرکزہے)کے بھی صدر رہے۔حضرت مسلم ورلڈ لیگ کے بانی رکن، عالمی رابطہ ادب اسلامی ریاض (کے ایس اے) کے بھی نائب صدر تھے۔ مولانا دنیا کے سب سے بااثر 500مسلمانوں کی فہرست میں شامل تھے۔موصوف یکم اکتوبر1929ء کورائے بریلی اُترپردیش میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم رائے بریلی میں اپنے خاندانی مکتب سے حاصل کی اور اعلیٰ تعلیم کیلئے دارالعلوم ندوۃ العلماء میں داخلہ لیا۔ 1949میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد دارالعلوم ندوۃ العلماء میں بطوراسسٹنٹ ٹیچر مقرر ہوئے۔ عربی زبان کے میدان میں ان کی خدمات پر انہیں صدارتی اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ 1993 میں انہیں دارالعلوم ندوۃ العلماء کا مہتمم مقررکیا گیا اس کے بعد1999 میں ندوۃ العلماء کا صدر منتخب کئے گئے۔ جون 2002 میں حیدرآباد میں حضرت مولانا قاضی مجاہدالاسلام قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کی وفات کے بعد آپ کو متفقہ طور پر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا صدر منتخب کیا گیاتھا۔حضرت کے انتقال پراظہارغم کرنے والوں میں قاری محمدسعیدظفر، عظمت اللہ ابوسعید، نجم الحسن نجمی بھائی، مولانا اسعدرشید ندوی،مولانا سمیع اللہ ندوی،شکیل احمد سلفی،ڈاکٹرنظام خان، ماسٹرمحمدنورعالم،ایڈوکیٹ سیف الاسلام، ذکی احمددِلو، محمدطالب، اشرف احمد، ضمیرخان، ڈاکٹرسہیل روحانی، محمدآیت اللہ، فرید خان،شوکت علی، آفتاب عالم،اشرف سبحانی، مطیع الرحمن موتی، ہیرانظامی، ہمایوں شیخ، قدوس ساگر، ڈاکٹر راحت علی وغیرہ کے نام شامل ہیں۔