
ضلع بھر میں یومِ بہار کی تقریبات بڑی دھوم دھام سے منائی گئی
ضلع بھر میں یوم بہار کی تقریبات بڑی دھوم دھام سے منائی گئ
محمد صدر عالم نعمانی سیتامڑھی۔
بہار کے 112ویں یوم تاسیس کا انعقاد پورے جوش و خروش کے ساتھ کیا گیا۔پروگرام کا آغاز صبح پربھات پھیری سے ہوا۔ڈی ایم ریچی پانڈے نے کملا گرل ہائی اسکول سے پربھات پھیری کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ خود ڈی ایم نے بھی پربھات پھیری میں حصہ لیا۔ مذکورہ پربھات پھیری کو ڈمرا ہوائی اڈہ تک نکالا گیا، جہاں ڈی ایم نے پروگرام میں موجود طلباء، اساتذہ اور دیگر عہدیداروں سے خطاب کیا اور سب کو یوم بہار کی مبارکباد دی۔ ڈی ایم نے ووٹر بیداری سے متعلق حلف بھی دلایا اور وہاں موجود لوگوں، خاص طور پر نوجوان ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ اہل شہری ہونے کے ساتھ ساتھ اہل ووٹر بنیں اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات اور دیگر انتخابات میں ووٹ ڈال کرانتخابات میں اپنا کردار ادا کریں۔ یوم بہار 2024 کے موقع پر کلکٹریٹ میں واقع کانفرنس ہال میں ڈی ایم ریچی پانڈے، پولیس سپرنٹنڈنٹ منوج کمار تیواری اور دیگر سینئر افسران کے ذریعہ چراغ روشن کرکے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی ایم اور پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بھی کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ اپنے خطاب میں ڈی ایم نے بہار کے ساتھ ساتھ سیتامڑھی ضلع کی ترقی کی خواہش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے پاس ماضی کی وراثت کے ساتھ ساتھ حال کی رہنمائی بھی ہے۔ ہماری ریاست بہار مزید ترقی کرے۔ اس مقصد کے لیے یوم بہار کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی سرزمین علم کی سرزمین ہے یہاں سے علم کی روشنی پوری دنیا میں پھیلی۔ ہمیں اسے شاندار بلندیوں تک پہنچانے کے لیے بہار کو آگے لے کر جانا ہے۔پروگرام میں مختلف اسکولوں کے طلبہ نے بہار کے گیت پیش کئے۔