
پرسونی میں رام شیلا ہاسپٹل کا عظیم الشان مفت طبی کیمپ، 500 سے زائد مریضوں کا معائنہ، مشہور سرجن ڈاکٹر فیضل الحسن کی موجودگی بنی خاص توجہ کا مرکز
پرسونی : ضلع مدھوبنی کے پرسونی گاؤں میں الاقراء آزاد اکیڈمی کے زیر اہتمام رام شیلا ہاسپٹل کی جانب سے ایک عظیم الشان مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں گاؤں اور آس پاس کے علاقوں سے آنے والے 500 سے زائد مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا۔ اس کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے نے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے مریضوں کو طبی مشورے دیے اور ان کے علاج میں تعاون کیا۔
اس مفت طبی کیمپ کی نگرانی رام شیلا ہاسپٹل کے ایڈمن نوشاد عثمانی نے کی۔ ان کی نگرانی میں اسپتال کی میڈیکل ٹیم نے پوری ذمہ داری اور مستعدی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں۔ کیمپ میں ڈاکٹر گھنشیام اور ڈاکٹر تبسم نیشا سمیت دیگر طبی عملے نے مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں صحت سے متعلق ضروری مشورے فراہم کیے۔
کیمپ کی سب سے خاص بات معروف سرجن ڈاکٹر فیضل الحسن کی شرکت رہی۔
عام طور پر مفت طبی کیمپوں میں مریضوں کو مختلف امراض کے سلسلے میں طبی مشورے اور ابتدائی علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، لیکن اس کیمپ کی انفرادیت یہ رہی کہ رام شیلا ہاسپٹل کے معروف سرجن اور مالک ڈاکٹر فیضل الحسن خود اس موقع پر موجود رہے۔ انہوں نے نہ صرف کیمپ میں شرکت کی بلکہ خود بھی مریضوں کا معائنہ کے بعد دوائیاں فراہم کروایا۔
ڈاکٹر فیضل الحسن کی موجودگی نے اس طبی کیمپ کو مزید اہم بنا دیا۔ علاقے کے لوگوں نے ان کی اس خدمت کو خوب سراہا اور اسے عوامی صحت کے حوالے سے ایک قابلِ تحسین قدم قرار دیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ جب علاقے کے معروف اور تجربہ کار ڈاکٹر خود عوام کے درمیان پہنچ کر ان کی طبی ضروریات کا خیال رکھتے ہیں تو اس سے نہ صرف لوگوں کو بہتر طبی سہولت ملتی ہے بلکہ ان کا اعتماد بھی مضبوط ہوتا ہے۔
اس موقع پر پرسونی کے شاہد حسین مکھیا نمائندہ پرسونی اور الاقراء آزاد اکیڈمی کے ڈائرکٹر انظار الحق قمری نے ڈاکٹر فیضل الحسن سمیت رام شیلا ہاسپٹل کی پوری میڈیکل ٹیم کامیتھلا کی روایتی شفاقت کے مطابق گلدستہ، پاگ اور شال پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا۔ مقامی لوگوں نے اسپتال انتظامیہ اور تمام ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس طرح کے عوامی فلاحی پروگراموں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
طبی کیمپ کے دوران گاؤں کے لوگوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔ صبح سے ہی مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا اور لوگوں نے اس مفت طبی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ 500 سے زائد افراد کا معائنہ اس بات کا مظہر ہے کہ دیہی علاقوں میں معیاری طبی سہولیات کی کتنی ضرورت ہے۔
اس موقع پر یہ بات بھی نمایاں طور پر سامنے آئی کہ صحت کی سہولیات کو صرف شہروں اور بڑے اسپتالوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں تک بھی بہتر طبی خدمات پہنچانا ضروری ہے۔ رام شیلا ہاسپٹل کی جانب سے پرسونی میں منعقد کیا گیا یہ مفت طبی کیمپ اسی سمت میں ایک قابلِ ستائش کوشش ہے۔
بلاشبہ، اس طرح کے طبی کیمپ غریب اور ضرورت مند خاندانوں کے لیے بڑی راحت کا ذریعہ بنتے ہیں۔ خاص طور پر ایسے وقت میں جب مہنگے علاج اور طبی مشوروں تک رسائی عام لوگوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بنتی جا رہی ہے، تب اسپتال انتظامیہ اور ماہر ڈاکٹروں کا خود عوام کے درمیان پہنچنا ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔
مجموعی طور پر پرسونی میں منعقدہ یہ مفت طبی کیمپ نہ صرف طبی خدمات کی فراہمی کے اعتبار سے کامیاب رہا بلکہ اس نے عوامی خدمت، سماجی ذمہ داری اور انسانیت کے جذبے کی ایک خوبصورت مثال بھی پیش کی۔
اس موقع پر علاقے کے متعدد معزز شخصیات اور سماجی کارکنان موجود رہے، جن میں سرفراز عالم (نمائندہ سرپنچ)، ارشاد عالم عرف پپو پنچایت سمیتی، حافظ جاوید خلیفہ، حافظ محمد شمشاد، ڈاکٹر اسعد، اسکول کے پرنسپل ماسٹر سیف اللہ صدیقی، وظیف الرحمن عرف لڈو، محمد جابر، ولی محمد اور معظم اسراہی کے نام قابلِ ذکر ہیں۔




