
کون ہیں ؟ مولانا حذیفہ وستانوی
از قلم محمد سرور شریف یوسف شریف
معلم مؤیدالمسلمین پرائمری اسکول پربھنی
9969451708
قارئین مولانا حذیفہ وستانوی کی شخصیت محتاج تعارف نہیں ہے اور آپ کےتعارف کے لیے یہی نسبت کافی ہے کہ آپ نمونے سلف خادم القرآن والمساجد حضرت مولانا غلام محمد وستانوی رحمۃ اللہ علیہ کے فرزند ہیں الخیر فاؤنڈیشن پر بھنی کی خصوصی دعوت پر پہلی مرتبہ 20 جون بروز جمعہ بعد نماز مغرب ہری پرساد منگل کاریالے نزد ہفتہ واری بازار پر بھنی میں آپ کی آمد ہم سب کے لیے باعث مسرت ہے اس پر مسرت موقع پر مجھ جیسے کم علم طالب علم نے یہ ضروری سمجھا کہ حضرت مولانا حذیفہ وستانوی کی آمد سے قبل آپ کی شخصیت کی گونا گوں خصوصیات سے عوام الناس کو واقف کراؤں تاکہ قارئین اپنی تمام تر مصروفیات کو بالاۓ طاق رکھ کر آپ کی آمد اور آپ کے مواعظ حسنہ سے روبرو مستفید ہوں حذیفہ وستانوی یکم جون 1979ء کو وستان، ضلع سورت، گجرات میں پیدا ہوئے یہ عظیم نوجوان عالم دین عالم اسلام کی مشہور و معروف شخصیت مشہور عالم دین خادم القرآن والمساجد حضرت مولانا غلام محمد وستانوی رحمتہ اللہ علیہ کے منجلے صاحبزادے ہیں آپ بھارت کی عظیم دینی و عصری علوم کی درسگاہ جسے ازہر ہند کے نام سے بھی جانا جاتا ہے جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا کے رئیس الجامعیہ ہیں آپ کی فراغت جامعہ اکل کوا سے ہی ہوئی اور آپ کی مکمل تعلیم و تربیت بھی اسی عظیم درسگاہ کی چار دیواری میں ہوئی اللہ تعالی نے آپ کو فکری و تخلیقی ذہن و دماغ سے نوازا ہے آپ ایک بہترین خطیب اور قلم کار ہیں شیخ الحدیث حضرت مولانا یونس جونپوری رحمتہ اللہ علیہ نے آپ کے قلم کی تائید و توصیف کی ہے آپ نے بحیثیت معلم جامعہ اکل کوا میں اپنی تدریسی خدمات بھی انجام دی ہیں آپ کا ذوق مطالعہ لائق صد آفرین ہے جس کی تائید آپ کے مختلف خطابات سے ہوتی ہے آپ ایک بہترین مضمون نگار اور مایہ ناز مصنف بھی ہیں آپ کی تصانیف میں سفرنامہ جنوبی افریقہ ،
اردو زبان و ادب کے فروغ میں مدارسِ اسلامیہ کی بے لوث خدمات شامل ہیں اس کے علاوہ آپ جامعہ اشاعت العلوم کے اردو ماہنامہ شاہراہ علم کے مدیر بھی ہیں دینی وعصری مدارس کے طلباء کی تعلیم و تربیت کے لیے آپ ہمیشہ فکر مند اور سرگرم رہتے ہیں بلخصوص جامعیہ اور اس کے زیر انصرام چلنے والے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لیے آپ مربی و مشفق والدین کی طرح فکر مند رہتے ہیں آپ تزکیہ ذکر و سلوک کے سلسلے میں شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ العالی سے بیعت ہیں اللہ تعالی نے آپ کو اپنے والد محترم کی ذوق سخاوت کی خوبی سے بھی نوازا ہے آپ کے والد محترم حضرت مولانا غلام محمد وستانوی رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا حذیفہ وستانوی کی بے شمار خدمات بالخصوص لاک ڈاؤن کے موقع پر طلبہ کو بڑی قربانی و محنتوں کے بعد منظم انداز میں ان کے مقامات کو روانہ کرنے پر محبوب العارفین و المجاہدین مفسر قرآن ، مفکر قوم ملت حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی مدظلہ العالی نے اپنی خصوصی دعاؤں سے نوازا ہے 2023ء میں، مولانا حذیفہ وستانوی کو ان کی اسلامی تعلیم اور قیادت میں اہم کردار ادا کرنے کے اعتراف میں سعودی عرب کے شاہ سلمان کی جانب سے حج کے لیے مدعو کیا تھا
2024ء میں، مولانا حذیفہ وستانوی نے بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے برکس مسلم مذہبی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کی، جہاں مختلف مذاہب کے درمیان پرامن بقائے باہم کو فروغ دینے اور عالمی امن کے لیے زور دیا گیا امید ہے آپ میری اس تحریر کو پڑھ کر مولانا حذیفہ وستانوی مدظلہ العالی کی شخصیت کے مختلف پہلوں سے واقف ہونے کے بعد آپ کی پربھنی آمد کے بے چینی سے منتظر ہوں گے میں اللہ تعالی سےحضرت والا کی عافیت کے ساتھ پربھنی آمد کی دعاؤں کے ساتھ آپ کا صمیم قلب خیر مقدم کرتے ہوۓ اپنی تحریر کا اختتام کرتا ہوں