
تازہ ترین خبریں
رام مندر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میرا بھایندر میں کشیدگی
ممبئ 24/جنوری
22 جنوری 2024 کو اجودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب کا جشن اجودھیا سمیت پورے ملک میں منایا گیا، کچھ جگہوں پر نوجوانوں نے ہلڑبازیاں کیں جس سے ماحول میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔
ممبئی شہر کے مضافاتی علاقے میں میرا بھایندر کارپوریشن میں 22 تاریخ کو شب میں ایک ریلی مسلم اکثریتی علاقے سے گزر رہی تھی، نوجوان جوش میں نعرے لگا رہے تھے، جس کے رد عمل میں مقامی نوجوانوں نے راستہ تبدیل کرنے پر زور دیا، بالآخر ہاتھا پائی کی نوبت آگئی اور کچھ گاڑیوں اور بائیک کو توڑا گیا۔
اس واقعہ سے پورے کارپوریشن میں کشیدگی کا ماحول بن گیا، بھایندر میں نوجوانوں نے زبردستی دوکانیں بند کرائیں اور تین مساجد پر پتھراؤ کیا۔
جمعیۃ علماء میرا بھایندر کے رکن حافظ آفتاب صاحب نے بھایندر میں سدبھاؤنا برقرار رکھنے کی زبردست کوشش کی، اور میرا روڈ کے معمار جناب مظفر حسین صاحب سابق ایم ایل سی حکومت مہاراشٹر نےدن رات ایک کرکے میراروڈ شہر کو فرقہ وارانہ تشدد سے بچایا۔
محکمہ پولیس نے ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے معاملہ کو کنٹرول کیا اور یہ یقین دہانی کرائی کہ صرف ان ہی لوگوں پر چارج شیٹ لگائ جائے گی جو قصور وار ہوں گے۔
حافظ آفتاب صاحب نے بھی بھایندر میں پولیس کے رول کی ستائش کی۔
واضح رہے کہ محکمہ پولیس نے سی سی فوٹیج کیمروں اور موبائل سے بنائے گئے ویڈیوز کی مدد سے درجنوں افراد کو حراست میں لیا ہے۔
جناب مظفر حسین صاحب کی کوشش سے بہت سے بے قصور لڑکوں کو پولیس نے مقامی تھانہ سے رہا کر دیا، تاہم کافی لڑکوں پر چالان کیا ہے۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی نے میرا بھایندر کی یونٹ کے ذمہ داران اور متعلقین کو تلقین کی ہے کہ وہ شہر میں خوشگوار ماحول بنانے میں فعال کردار ادا کریں اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ جو بے قصور افراد جیل کی سلاخوں میں ڈال دئے گئے ہیں، جمعیۃ علماء مہاراشٹر اپنی روایت کے مطابق ان کے مقدمات کی پیروی کا فریضہ انجام دینے کی بھر پور کوشش کرے گی۔
دفتر جمعیۃ علماء مہاراشٹر