
حضرت مولانا عبد الناصر سبیلی: دین کے مخلص خادم
ڈاکٹر محمد نوشاد عثمانی : بہار کے ضلع مدھوبنی ضلع سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر واقع مردم خیز بستی "اجرا ” سے ایک ایسا نام ابھرا جس نےاشاعت دین اور خدمت قرآن کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی ہے۔یہ نام حضرت علامہ مولانا عبد الناصر سبیلی کا ہے، جو نہ صرف ایک جید عالم دین ہیں بلکہ عملی طور پر دین کی شمع روشن کرنے میں مصروف وسرگرداں ہیں۔موصوف کی خوبیوں میں نمایاں خوبی ان کا اخلاص ہے۔یہ وہ صفت ہے جو ان کی شخصیت اور ان کے فعل دونوں میں جھلکتی ہیں۔ وہ کسی ذاتی مفاد یا دنیاوی شہرت کی پرواہ کیے بغیر صرف اللہ کی رضا وخوشنودی کے لیے دین کی خدمت مصروف عمل ہیں۔ ان کا ہر فعل وعمل، اٹھنے والا ہرقدم دین کی سربلندی اور خلق خالق کی بھلائی و ہمدردی کے لیے ہوتا ہے۔اس کی دوسری شکل یہ ہے کہ مولانا موصوف نے اپنی آبائی زمین کو راہ خدا میں وقف کر کر نسل نو کی آبیاری کے لیے”اجرا” میں ہی ایک دینی مدرسہ کی بنیاد رکھے ہوئے ہیں، جو بنام "جامعہ دارالسلام اجرا” ہے۔ یہ جامعہ علم دین کا ایک ایسا مرکز ہے جہاں نسل نو کو قرآن و سنت کی تعلیمات سے روشناس کرایا جا رہا ہے، جو قریباً ایک دہائی سے شب و روز تشنگان علوم نبویہ کو سیراب کررہاہے۔مولانا موصوف خود جامعہ ہذا کی مکمل نگرانی فرماتے ہیں، طلباء کی روحانی و علمی تربیت میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ان کی مخلصانہ کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کہ یہ جامعہ بہت کم عرصے میں علم کے پیاسوں کے لیے ایک اہم ٹھکانہ بن گیا ہے۔دین کی خدمت کے حوالے سے ان کی جدوجہد قابل ستائش ہے۔ وہ صرف درس و تدریس تک محدود نہیں ہیں بلکہ معاشرے میں دینی بیداری پیدا کرنے، اخلاقی اقدار کو فروغ دینے اور لوگوں کو صراط مستقیم پر گامزن کرنے کے لیے بھی کوشاں ہیں۔ان کی گفتگو میں تاثیر اور عمل میں اخلاص کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ لوگ سن کر گرویدہ ہوجاتے ہیں مولانا عبد الناصر سبیلی کی شخصیت سادگی، عاجزی اور تقویٰ کے حسین پیکر میں ڈھلی ہوئی ہے۔لوگوں سے مسکراکر ایسے ملتے ہیں کہ محسوس ہی نہیں ہوتا کہ اپنے ہیں يا غیر،اپنی فكرکیے بغیر سبھوں کے دکھ درد میں برابرشریک ہوتے ہیں،مولانا موصوف اقا صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث (الراحمون یرحمہم الرحمن ارحمکم من في الارض یرحمکم من في السماء) کہ حقیقی مصداق ہیں۔ان کی زندگی ہمارے لیے ایک عملی نمونہ ہے کہ کس طرح ہم دنیاوی الجھنوں میں رہتے ہوئے بھی دین کی خدمت میں اپنا حصہ لے سکتے ہیں۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ رب العزت مولانا عبد الناصر سبیلی کی خدمات کو قبول فرمائے اور انہیں دین کی مزید خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے،صحّت و عافیت والی زندگی عطا فرما ئے آمین۔