
رمضان کی تیاری کیسے کریں….؟ (پانچویں اور آخری قسط)
مولانابدیع الزماں ندوی قاسمی
(چیرمین انڈین کونسل آف فتویٰ اینڈریسرچ ٹرسٹ بنگلورو جامعہ فاطمہ للبنات مظفرپور، بہار)
25)رمضان المبارک جیسی عظیم و بیش بہا نعمت کے ملنے پر خوشی محسوس کریں۔ پیارے نبی صلی الله علیہ وسلم اپنے صحابہ رضی الله عنہم کو رمضان کے آنے کی خوش خبری دیتے تھے، صحابہ کرام رضی الله عنہم اور تابعین اور بعد کے بزرگان دین رمضان کا بڑا اہتمام سے انتظار کرتے اور اس کے آنے پر خوشی محسوس کرتے تھے۔ رحمتوں کے نزول اور نیکیوں کے لئے رمضان سے بہتر کون سا مہینہ ہو سکتا ہے ؟۔ لہٰذا اس کی آمد پرہر مومن کو خوشی سے مچل جانا چاہئے۔
(26)رمضان کا استقبال اس ارادے سے کریں کہ اب فوری طور پر تمام قسم کے گناہوں اور معصیت کو ہمیشہ کے لئے چھوڑ رہے ہیں اور اس ارادہ کو سچی تو بہ سے مزید تقویت پہنچائیں اور آئندہ تمام چھوٹے بڑے گناہوں سے بچنے کا عزم کریں اس پر ثابت قدمی کے لئے اللہ سے دعا مانگیں۔
(27)نیکیوں کو ضائع اور برباد کر نے والے اعمال سے بچنے کا خاص طور سے اہتمام کریں مثلاً زبان سے معصیت اور لا یعنی باتیں بولنا ، آنکھوں سے ناجائز و حرام چیزیں دیکھنا اور رمضان کے لیل و نہار میں ہر ایسی چیزوں سے احتراز کریں جورب کی ناراضگی کا سبب بنے ، اللہ سے گناہوں سے بچنے کی توفیق بھی طلب کرتے رہیں۔
(28) حضرت سلمان فارسی رضی الله عنہ کا ارشاد نقل کرتے ہیں:’’ رمضان المبارک میں چار چیزوں کی کثرت کیا کرو۔ دو باتیں تو ایسی ہیں کہ تم اپنے پروردگار کو راضی کر سکو گےاور دو چیزیں ایسی ہیں کہ تم بے نیاز نہیں ہو سکو گے، پہلی دو باتیں جن کے ذریعہ تم اللہ کو راضی کر سکو گے وہ یہ ہیں ، لا الہ الا اللہ کی گواہی دینا اور استغفار کرنا، اور وہ دو چیزیں جن سے تم بے نیاز نہیں ہو سکو گے وہ یہ ہے کہ تم اللہ تعالی سے جنت کا سوال کرواور جہنم سے پناہ مانگو(صحیح ابن خزیمہ)۔ لہٰذا ان چاروں کا کثرت سے اہتمام کریں۔
29)رمضان کے بعد بھی اعمال صالحہ پراستمرار کے لئے دعا کے ساتھ تو بہ و استغفار ، نیک کاموں پر مداومت دعا کا التزام خصوصاً” اَللّٰھُمَّ اَعِنِّی عَلیٰ ذِکرِکَ وَ شُکرِکَ وَحُسْنِ عِبَادَتِکْ” کا اہتمام کریں، نبی صلی الله علیہ وسلم نے حضرت معاذرضی الله عنہ کو یہ دعاہرفرض کے بعد پڑھنے کی وصیت کی تھی۔
(30) گزشتہ رمضان کو یاد کرکے اس میں ہونے والی کمیوں اور کوتاہیوں سے بچتے ہوئے موجودہ رمضان کو زندگی کا آخری رمضان سمجھتے ہوئے اس سے خوب سے خوب تر اور پہلے سے بہتر بنانے کی کوشش کریں،
اللہ تعالیٰ ان امور کے مطابق ہمیں رمضان المبارک کی تیاری کی توفیق عطا فرمائے ، ہمیں رمضانی نہیں بلکہ ربانی بنائے ، اور صرف رمضان ہی نہیں بلکہ پوری زندگی رمضان کی طرح گزار نے کی توفیق عطا فرمائے ، ہمیشہ ذکر وفکر دعا و مناجات ، فرائض و واجبات اور نماز کی پابندی کی توفیق عطا فرمائے۔ امین یا رب العٰلمین۔